لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عمران خان سے کوئی اختلاف ہے نہ لڑائی،کرپشن کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ ہیں ،ہماری اخلاقی حمایت تحریک انصاف کے ساتھ ہے ،ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ اگر ہم نے رائے ونڈ احتجاج میں علامتی شرکت بھی کی تو ن لیگ اپنے پانچ چھ بندے مرواکر کہے گی کہ عوامی تحریک والوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کا بدلہ لے لیا ،یہ اطلاعات بھی تھیں کہ یہ اپنے لوگوں کے سروں پر عوامی تحریک کے پرچم بندھوا کرخون خرابا کروائیں گے ،یہ سا نحہ ماڈل ٹائون کے مقدمے کے مقابلے میں ایک مقدمہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں ہم انکی ایسی کسی سازش کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹائون کیس کو خراب نہیں ہونے دیں گے ، ہم ماڈل ٹائون کا بدلہ لیں گے اور شریف برادران اس کیس میں سزا پائیں گے ۔ان اطلاعات کی بنا پر ہم نے رائے ونڈ میں احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔پہلا رائونڈ مکمل کر لیا ،اگلے ہمارے دو فیز سانحہ ماڈل ٹائون کیس سے منسلک ہیں،اپنی حکمت عملی کے مطابق دوسرے رائونڈ کا اعلان کریں گے اور وقت کا تعین خود کریں گے .ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان کی سا لمیت کے خلاف نواز اور مودی کا مشترکہ پلان چل رہا ہے ۔ادھر مودی لیگ ہے ادھر نواز لیگ ہے ۔رائے ونڈکامارچ ہو یا احتساب تحریک اس کو ڈی فیوز کرنے کیلئے لائن آف کنٹرول پر ڈرامہ کھیلا جاتا ہے ۔پاکستانی فوج نے کوئی کشیدگی نہیں کی کوئی گولی نہیں چلائی.