سرگودھا، شاہ پور صدر(نامہ نگاران) ایڈیشنل اینڈ سیشن ججز اور سینئر سول ججز نے سرگودھا اور شاہ پور جیلوں کے دورے کئے اور سرگودھا کے 25 جبکہ شاہ پور جیل کے 6 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھامحمد عبدالناصرنے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا اچانک دورہ کیا، ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میڈم فرزانہ شہزاد،ابوبکر صدیق بھٹی و سینئر سول جج ملک مظفر خان کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری عبدالغفور انجم،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، علی امیر شاہ رہے۔اسی طرح ایڈیشنل سیشن جج سرگودہا ابو بکر نے سینئر سول جج شاہ پور عامر شریف ڈوگر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل سیف اللہ گوندل ، ڈپٹی بابر نعیم عادل ، جیل ڈاکٹر محمد افتخار، سٹینو ملک خضر حیات اور دیگر عملہ موجود تھا ۔ججز نے بارکوں میں جا کر قیدیوں کے مسائل سنے اور جیلوں میں طبی سہولیات، کھانے پینے کی اشیا، صفائی اور سکیورٹی صورتحال کا معائنہ کیا۔ سرگودھا جیل سے معمولی مقدمات میں ملوث 25 جبکہ شاہ پور جیل کے 6 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا گیا۔