کوئٹہ ( این این آئی )بی ایس او پجار کے رہنمائوں نے کہا ہےکہ سردار بہادر خان وومن یونیور سٹی کی جانب سے نوشکی میں کیمپس کھولنا خوش آئند اقدام ہے ، کیمپس کھولنے کا کریڈٹ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور موجودہ وائس چانسلر کو جاتاہے ۔ان خیالات کا اظہار بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنازئزیشن ( پچار ) کے مرکزی وائس چیئرمین آغا دائود شاہ ، نادر بلوچ ، علائوالدین مری ، مرکزی سیکرٹری عمان بلیدی، او ردیگر نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پورے بلوچستان میں پروفیشنل تعلیمی اداروں کی کمی ہے ۔ جسکی وجہ سے نوجوان منشیات اور انتہاپسندی کی جانب گامزن ہورہے ہیں۔ جوکہ بلوچستان سمیت پورے خطے کیلئے کسی المیہ سے کم نہیں ۔انہوں نے کہاکہ بی ایس او پچار کے تعلیم کی بہتری اور معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کیلئے جد وجہد کرنے والے ہرفرد کو احترام کی نگاہ دیکھتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ سردار بہادر خان وویمن یونیو رسٹی کوئٹہ کی انتظامیہ نے مختصر مدت میں ادارے میں پرامن تعلیمی ماحول کی فراہمی میرٹ کی بالا دستی کو لاگو کرتے ہوئے مثال قائم کی ہے ۔