لندن( مرتضیٰ علی شاہ) خود ساختہ جلاوطن بلوچ رہنما مہران مری نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کمیٹی کے 33ویں اجلاس سے قبل بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کومعدنی اوردیگر قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے ،ان وسائل کافائدہ بھی بلوچستان کے عوام کو پہنچنا چاہئے انھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بلوچستان کے وسائل کو بلوچ ثقافت، زبان تاریخ اورقدیم ورثے کی ترقی اور فروغ کیلئے خرچ کیاجائے، اور بلوچ عوام کو ان وسائل کا اصل مالک اور وارث بنایاجائے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر علاقوں کی مقامی کمیونٹیز کی طرح بلوچستان کی مقامی کمیونٹیز بھی اپنی اصل ثقافت اور شناخت کا تحفظ چاہتی ہیں ۔ انھوں نے بلوچستان کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان کے تمام وسائل بلوچ عوام کی فلاح وبہبود اور بلوچ نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع کی فراہمی پر خرچ کریں تاکہ نوجوانوں کو ملازمتوں کی تلاش میںاپنا گھربار چھوڑ کر باہر نکلنے کی ضرورت نہ رہے۔انھوں نے کہا کہ پاک چین کوریڈور پاکستان کے سب سے بڑے صوبے سے گزرے گی اس لئے ضروری ہے کہ اس کے فوائد بھی بلوچ عوام تک پہنچائے جائیں انھوں نے کہا کہ وسائل کے اعتبار سے بلوچستان تیل ،گیس سونا، تیل اور تانبے کی دولت سے مالامال ہے یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کی نظریں اس صوبے پر لگی ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس صوبے کی سٹریٹجک اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔