ملتان......ملتان میں خواتین کے کالج میں فائرنگ اور طالبہ کے زخمی ہونے کی پیشگی اطلاع پر پولیس نے کالج میں ڈیڑھ گھنٹہ تک سرچ آپریشن کیا۔
گورنمنٹ کالج برائے خواتین ممتاز آباد ملتان سے پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ نا معلوم مسلح افراد کالج میں گھس گئے ہیں جن کے خوف سے بھاگنے والی بچیوں میں ایک بچی زخمی ہو گئی ہے اس اطلاع پر سی پی او ملتان سمیت دیگر پولیس نفری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے اور کالج میں سرچ آپریشن کیا ڈیڑھ گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد کالج کو کلیئر قرار دے دیا گیا ۔
سی پی او ملتان اظہر اکرام کے مطابق زخمی ہونے والی بچی رومانہ نفسیاتی مریضہ ہے اور اکثر و بیشتر اس طرح کی حرکت کرتی رہتی ہے اس کی بیماری کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی ،اس واقعے کے بعد کالج میں چھٹی دے دی گئی اور کالج سے باہر آنے والی بچیاں روتی ہوئی اور سہمی سہمی سی کالج سے باہر نکلیں۔