نیو یارک(عظیم ایم میاں) ہم نہ صرف اپنے علاقوں سے گزرنے والی پاک چائنا شاہراہ اور سی پیک پروجیکٹس کی حفاظت کے امین ہیں بلکہ ان پہاڑی علاقوں میں بھارت کی خفیہ اور ننگی جارحیت کا بھرپور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمیں اپنے کلچر، مہمان نوازی اور پرامن روایات پر فخر ہے لیکن پاکستان کی حفاظت کیلئے سیاچن سے لے کر کشمیر کے محاذ تک ہر طرح کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ یہ باتیں امریکہ میں آباد گلگت و بلتستان کے پاکستانی مقررین نے نیویارک کے ایک اجتماع میں کہیں۔ ’’سونی وطن گلگت و بلتستان‘‘ نامی تنظیم کی جانب سے ہونے والے ثقافتی اجتماع میں گلگت و بلتستان کے پاکستانیوں، یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی اور نیو یارک پولیس کے پاکستانی افسران نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے سی پیک منصوبے کی تعمیر سے گلگت و بلتستان کے علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے امکانات پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اورکنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے واقعات کی شدید مذمت کی۔