بہاولپور،اسلام آباد(سٹی رپورٹر، اے پی پی) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہاین ایس ای آراپ ڈیٹ کرنے کیلئے ملک کے ہر کونے میں نیا سروے کرکے سماجی ومعاشی اعتبار سے کمزور تمام گھرانوں کو رجسٹرڈ کیا جائیگا۔۔ رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنانے اور عوام کی رائے جاننے کیلئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بہاولپور میں بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے میں مستحق افراد کے اندراج کیلئے رجسٹریشن ڈیسکوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے لاجسٹکس، سکیورٹی اور سماجی تحریک کے حوالے سے مقامی حکومت کے تعاون کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں بروقت سروے کی تکمیل کیلئے بی آئی ایس پی، نادرا اور مقامی حکومت ایک ٹیم کے طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امیر اور غریب دونوں عوام رجسٹریشن کے عمل میں حصہ لیں کیوں کہ یہ اعدادو شمار بی آئی ایس پی کے علاوہ دیگر حکومتی ادارے بھی استعمال کریں گے نئے سروے کے ابتدائی مرحلے میں ملک کے 16اضلاع شامل ہیں۔ بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے ابتدائی مرحلے کا آغاز ہری پور میں جون 2016میں ہوا۔ بہاولپوروہ دوسرا ضلع ہے جہاں مستحقین کے اندارج کیلئے (از خود رجسٹریشن) کے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے۔ 467,527 متوقع کیسز کی بنیاد پر بہاولپور کی یونین کونسل 104میں 288رجسٹریشن کاؤنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ 8 کاؤنٹرز کے ذریعے یونین کونسل نمبر1،11,15اور18میں رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اب تک 59%کیسز کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے۔بہاولپور میں رجسٹریشن کا عمل جنوری 2017تک مکمل کر لیا جائے گا۔