بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے دفعہ 144کے تحت محرم الحرام کے دوران بغیر اجازت نئے جلوس اور مجالس کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مجالس اور جلوس کے مقرر ہ روٹ، اوقات کار اور لائسنس کی خلاف ورزی کی ممانعت ہو گی۔ ہمہ قسم آتشی اسلحہ اور لاٹھی کی نمائش پربھی پابندی عائد ہو گی۔ جلوس کے روٹ میں دوکانیں کھولنے کی ممانعت جبکہ جلوس دیکھنے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔ فرقہ ورانہ منافرت پر مبنی پمفلٹ، اشتہار، بینرز، مطبو عہ مواد، وال چاکنگ وغیر ہ پر پابندی عائد ہو گی۔ جلوس کے دوران روٹ میں واقع گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہونے اور کھڑکیوں سے دیکھنے کی ممانعت ہو گی۔ بغیر اجازت اجتماعات کی ممانعت اور قابل اعتراض تقاریر، لٹریچر کی اشاعت، خریدو فروخت اور آڈیو اور ویڈیو کیسٹوں کے چلانے کی ممانعت ہو گی۔ اذان اور خطبہ کے علاوہ لاؤڈ سپیکر کا استعمال ممنوع جبکہ 9اور 10محرم الحرام کو ڈبل سواری کی ممانعت ہو گی۔ یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔