لندن ( جنگ نیوز) میچ فکسنگ اور سٹے بازی کی وبا کھیلوں کو بری طرح جکڑ رہی ہے۔ عالمی ٹینس مقابلوں میں فکسنگ کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں۔ ٹینس انٹیگریٹی یونٹ نے رواں برس کھیلے گئے ومبلڈن اوپن ٹورنامنٹ کے ایک میچ پر فکسنگ کا شبہ ہونے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ مقابلہ کن پلیئرز کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ یونٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں میچز کے دوران ایسی رپورٹس ملتی رہتی ہیں جن میں فکسنگ کا شبہ ظاہر کیا جاتا ہے، یہ معمول کی کارروائی ہے، ہم نے ومبلڈن کے زیر بحث میچ میں بارہا کھیل کا پیٹرن ایک سا رہا۔ اس سے قبل انٹیگریٹی یونٹ یو ایس اوپن چیمپئن شپ کے پہلے رائونڈ میں ٹیمیا باسنزکی اور ویٹالیا ڈیاچنکو کے درمیان کھیلے گئے میچ کی اسی شبے میں تحقیقات کررہا ہے۔