• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ کیخلاف بے بنیادخبر پر انکوائری رپورٹ جمع کرائی جائے،پیمرا

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پیمراشکایات کونسل اسلام آبادکا اجلاس چیئر پرسن محترمہ شمیم ہمایوں کی زیر ِصدارت پیمرا ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں منعقدہوا۔ کونسل نے سیکریٹری قومی اسمبلی عبدالجبارعلی کی جانب سےچینل92-کے پروگرام "مقابل" مؤرخہ 06ستمبر 2016؁ء میں سپیکر قومی اسمبلی پر بغیر ثبوت الزامات لگانے پر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو ہدایت کی ہے کہ دائر کردہ شکایت کی پیروی کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کی تائیدحاصل کریں اور کونسل کے سامنے سپیکر کی نمائندگی کے لیے شکایت کنندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ اگلے اجلاس میں پیش ہوں۔ مزید کارروائی اگلے اجلاس تک مؤخر کر دی گئی۔کونسل نے سابق اسسٹنٹ لوک ورثہ محمد ارشاد کی چینل92- کے پروگرام "پرائم ٹائم"جس کی میزبان سعدیہ افضال ہیں، میں 04اگست2016؁ء کو  حقائق کے برعکس رپورٹ نشر کرنے پر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے شکایت کنندہ کے اجلاس میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی اگلے اجلاس تک مؤخر کر دی۔ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی کی" آج ٹی وی" کے خلاف دائر درخواست شکایت کنندہ کی جانب سے شکایت واپس لینے کی وجہ سے کونسل نے نمٹا دی۔وفاقی وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کی اے آر وئی نیوز کے پروگرام "دی رپورٹرزـ"  21جنوری 2016؁ء میں غلط معلومات نشر کرنے کیخلاف شکایت پر کونسل نے شکایت کنندہ سے مزید تفصیلات اگلے اجلاس تک طلب کرتے ہوئے سماعت اگلے اجلاس تک مؤخر کر دی۔  پیمرا کی طرف سے روہی ٹی وی کی ٹرانسمیشن معطل کرنے پر دیئے گئے اظہار وجوہ نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے  چینل کی طرف سے جمع کرایا جانے والا جواب پیمرا لائسنسگ ونگ کو ریکارڈ کی تصدیق کے لیے بھجوا دیا۔کونسل نے قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کی جانب سے سماء ٹی وی کے خلاف 27جون 2016؁ء کو بے بنیاد خبر چلانے پر دائر کردہ شکایت کی سماعت کی۔کونسل نے شکایت کنندہ کی جانب سے پیش ہونے والے نمائندے کو ہدایت کی کہ چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے کی جانے والی انکوائری کی حتمی رپورٹ اگلے اجلاس تک جمع کروائیں ۔اجلاس میں دیگر کونسل ممبران محترمہ نزہت فاطمہ، پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری، ڈاکٹر شاہجہان سید، ہارون رشید اور محمد فاروق(آر جی ایم/سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے۔پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد کا آئندہ اجلاس 14اکتوبر کو پیمرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہو گا۔ 
تازہ ترین