• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد بند نہیں ہوگا، جمہوریت چلتی رہے گی، ایاز صادق، عمران بچہ نہیں جسے سمجھائوں

لاہور (این این آئی، آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان بچہ نہیں جسے سمجھائوں، وہ بالغ ہیں اپنا اچھا اور برا خود سوچ سکتے ہیں، 30اکتوبرکو اسلام آباد بند نہیں ہوگا، چینی سرمایہ کاری کو بھگانے کی سازش ناکا م ہو گی اور ملک میں جمہوریت بھی چلتی رہے گی، 8اراکین اسمبلی کی نااہلی کے لئے جمع کروائے گئے ریفرنسز الیکشن کمیشن آف پاکستا ن کو بھیج دئیے گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے کوئین میری کالج کے اکیڈمک بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ تمام اراکین کوبات کرنے کیلئے موقع دیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وہ بارباراراکین سے یہ کہتے رہے کہ اجلاس کشمیرکے مسئلے پربلایا ہے، پارلیمنٹ میں 342اراکین ہیں اور کسی بھی موضوع پر بحث کے دوران ہر ایک رکن کی رائے اور انداز مختلف ہوتا ہے ، بطور اسپیکر پوری کوشش ہوتی ہے کہ ہائوس کو قواعد و ضوابط کے عین مطابق چلایا جائے لیکن کسی کا منہ تو نہیں بند کیا جاسکتا ۔ مائیک بند کرنا انتہائی آخری آپشن کے طورپر استعمال کیا جا تا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے جمع کروائے گئے تمام ریفرنسز برائے اطلاع الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دئیے گئے ہیں ، جن ریفرنسز پر سوالات اٹھائے گئے وہ بھی اور جن ریفرنسز پرسوالات نہیں اٹھائے گئے ، دونوں ہی بھجوادئیے گئے ہیں اس لئے اب ریفرنس کے معاملے میں ابہام مکمل طور پر ختم ہونا چاہئے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنے والے باقاعدہ سازش کے تحت ملک میں چین سمیت دیگر ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو بھگانا چاہتے ہیں مگر ایسے لوگوں کو پہلے بھی مایوسی ہوئی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا، ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور ملک میں جمہوریت بھی چلتی رہے گی۔ عمران خان کو سمجھانے کی ضرورت نہیں، وہ سمجھداراوربالغ ہیں بچے نہیں اوروہ اپنا اچھا برا خود سوچ سکتے ہیں۔
تازہ ترین