• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد بند نہیں ہوگا،جمہوریت چلتی رہے گی، ایاز صادق،عمران بچہ نہیں جسے سمجھائوں

لاہور ( نمائندہ خصوصی، خبر نگار،این این آئی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق نے کہا کہ30اکتوبرکو اسلام آباد بند نہیں ہوگا،جمہوریت چلتی رہے گی اور سرمایہ کاری کو بھگانے کی سازش ناکا م ہو گی ، عمران خان اب بچے نہیں رہے میں انہیں کوئی مشورہ نہیں دوں گا ، 8اراکین اسمبلی کی نا اہلی کے لئے جمع کروائے گئے ریفرنسز الیکشن کمیشن آف پاکستا ن کو بھیج دئیے گئے ہیں ۔  کوئین میری کالج لاہور کے اکیڈمک بلاک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ  چین یا کسی بھی دوسرے ملک کی سرمایہ کاری نہیں رکے گی، تمام ترقیا تی منصوبے عین وقت پر مکمل ہو ں گے ۔عمرا ن خان بالغ ہیں ان کو خود پتہ ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔ پارلیمنٹ میں 342اراکین ہیں اور کسی بھی موضوع پر بحث کے دوران ہر ایک رکن کی رائے اور انداز مختلف ہوتا ہے ، بطور سپیکر میری پو ری کو شش ہوتی ہے کہ ہائوس کو قواعد و ضوابط کے عین مطابق چلا یا جائے لیکن کسی کا منہ تو نہیں بند کیا جاسکتا ۔ مائیک بند کرنا انتہائی آخری آپشن کے طورپر استعمال کیا جا تا ہے ۔دریں اثناتقریب سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ حکومت طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے نہ صرف نئے تعلیمی ادارے تعمیر کر رہی ہے بلکہ پرانے تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ بھی کر رہی ہے۔ کوئین میری کالج کا نیا اکیڈمک بلاک بچیوں کی تعلیم و تربیت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کوئین میری کالج کےاکیڈمک بلاک کے تمام ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور کالج میں نئے تعمیر کئے گئے تین منزلہ بلاک کا دورہ کرتے ہوئے کچھ تعمیراتی نقائص کی نشاندہی کی اور کہا کہ سی این ڈبلیو کے ساتھ حکومتی نمائندہ پرنسپل کی نگرانی میں ایک رپورٹ مرتب کی جائے اور مجھے رپورٹ دی جائے۔ ہم نے بلڈنگ کی تعمیر کے لئے مکمل فنڈز فراہم کئے ہیں اور عمارت میں تعمیراتی نقائص کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پرنسپل کی کاوشوں اور کارکردگی کو سراہا اور طالبات سے بات چیت بھی کی۔
تازہ ترین