• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے بھی جمہوریت کیخلاف سازش لندن میں ہوئی اب بھی وہیں اجلاس ہورہے ہیں، ایاز صادق

لاہور (نمائندہ جنگ،صباح  نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا  ہے کہ پہلے بھی جمہوریت کیخلاف سازش  لندن میں ہوئی اب بھی  وہیں اجلاس ہو رہے ہیں،مجھے شک ہے کہ 30اکتوبر کو اسلام آباد بند کر کے کچھ لوگ خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں لیکن عوامی طاقت سے ان کی سازش کامیاب نہیں ہو گی، انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ اسلام آباد کو بند کرنے کا مطلب پاکستان کو بند کرنا ہے، ملک کے خلاف ایسی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے عوام کا ہجوم نکلے گا، عمران خان اسلام آباد بند کرنے کیلئے تالا لینے لندن جارہے ہیں، اسلام آباد بند کرنے کا تالا لندن سے بھی نہیں ملے گا۔ وہ گزشتہ روز اپنے انتخابی حلقہ 122سمن آباد ٹائون میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ایاز صادق نے کہا کہ سی پیک اور سیاسی عدم استحکام کے لئے شہر بند کرنے کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے جبکہ شیخ رشید حکومت کو گھر بھیجنے کی بجائے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ لندن کی میٹنگ اور سی پیک پر تنقید اکٹھی چل رہی ہے۔ خون خرابے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے جبکہ چین کے سفیر نے واضح کر دیا ہے کہ اقتصادی راہداری کا راستہ جو پہلے تھا اب بھی وہی ہے جانے کیوں کچھ سیاسی عناصر بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما ایشو پر نیک نیتی سے کوشش کی کہ حکومت اور اپوزیشن کو ایک پیج پر لاؤں لیکن اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم سے احتساب کا عمل شروع کیے جانے پر معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔ صرف پاناما لیکس میں آنے والوں کا ہی نہیں تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ ایاز صادق نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کو ملک کا بھی سوچنا چاہئے، لندن میں پہلے بھی کئی خفیہ میٹنگز ہوتی رہی ہیں جہاں سازشیں تیار کی گئی۔ اگر عمران خان اسپیکر کو نہیں مانتے تو وہ آئین کو بھی نہیں مانتے۔ جمہوریت کو چلتے رہنے دینا چاہیے، کوئی زبردستی کر سکتا ہے نہ کرے گا 30اکتوبر کی بجائے کشمیر کی بات کرنی چاہیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صرف دو جماعتوں کے علاوہ تمام جماعتیں کشمیر ایشو اور بھارتی جارحیت پر متحد ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک جماعت کے نہ آنے کا افسوس ہوا تاہم عمران خان اور ان کی پارٹی کو دعوت دیتاہوں کہ وہ پارلیمنٹ کے اگلےاجلاس میں شامل ہوں،  اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا ڈرامہ رچایا جو ان کے گلے پڑ چکا ہے ہم کیا ان کے اپنے لوگ ہی یقین نہیں کر رہے۔ ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع حکومت کا کام ہے۔
تازہ ترین