مردان(نمائندہ جنگ) ضلع مردان میں گریڈ سٹیشن تھری کو جلد از جلد مکمل کر کے بجلی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل پر قابو پالیا جائے گا ۔مرکزی حکومت گریڈ سٹیشن فور کے لئے وسائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سپرنٹنڈنگ ایگزیکٹیو واپڈا عبداللہ شاہ اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نوابزادہ ارسلا خان ہوتی کے زیر قیادت ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا گیا ۔اس موقع پر ایکسین واپڈا اکرام خان ،ٹرانسمیشن لائن اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ضلع مردان کے عوام کے لئے گریڈ سٹیشن تھری کا جوتحفہ دیا تھا ۔اس پر سست روی افسوسناک امر ہے ۔ایس ای واپڈا نے یقین دلایا کہ گریڈ سٹیشن تھری پر عمل در آمد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور بہت جلد اسے مکمل کیا جائے گا ۔بعد ازاں نوابزادہ ارسلا خان نے ملک اسد خان سے رابطہ کرکے انہیں گریڈ سٹیشن تھری کو محکمہ واپڈا کی جانب سے درپیش مسائل کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی جس کے لئے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔