اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاسوں کی تفصیلات منظر عام پر آنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب اور عسکری حکام کے مابین دہشت گردی کے تدارک کیلئے اہم اجلاس کی کارروائی کے افشاءپر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ رپورٹرز کو حساس معلومات کے افشاءکا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ معلومات کا افشاءقومی سلامتی کے اجلاسوں میں شریک سول اور فوجی حکام کی صورت میں موجود ذرائع کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر دستخط کرنے اور خلاف قانون حساس معلومات افشاءکرنے والے عناصر کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لانی چاہئے ، ایسے وقت میں جب بھارت پاکستان پر عسکری ، سیاسی ، سفارتی سطح سمیت ہر طرح کا دباو بڑھا رہا ہے حساس معلومات کا افشاءہونا انتہائی خطرناک اور قابل تشویش ہے۔