• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجرات :یوم عاشور پرجلوس کی سکیورٹی کیلئےانتظامات مکمل

گجرات (نمائندہ جنگ) ضلع بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کو سخت سکیورٹی کی فراہمی، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، آج یوم عاشور پر برآمد ہونیوالے جلوس کی سکیورٹی کیلئے بھی تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں، ان خیالات کا اظہار  ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بلدیہ آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم میں ارکان اسمبلی اور کور امن کمیٹی کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،   ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے نورالعین، ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان، ایم پی ایز میاں طارق محمود، چوہدری اشرف دیونہ، چوہدری شبیر احمد، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود، نوابزادہ طاہر الملک، کور امن کمیٹی کے ممبران  چوہدری منظورحسین، ضیا الرحمان، ضیااللہ شاہ، سید الطاف الرحمان، خاد م علی خادم، صدر مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ بھی موجود تھے، انہوں نے سرائے عالمگیر سے برآمد ہونیوالے جلوس کے روٹ کا معائنہ اور شادیوال سے برآمد ہونیوالے جلوس کے انتظامات کی نگرانی بھی کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں کو بہترین سکیورٹی کی فراہمی اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں پولیس، رضا کاروں کے ساتھ ٹی ایم ایز، محکمہ صحت، ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور وفاقی محکموں کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جبکہ شیعہ تنظیموں کے رضا کار بھی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پہلے ہی دفعہ 144کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش، مجالس، جلوسوں، مذہبی اجتماعات کے علاوہ پانچ یا زائد افراد کے اکٹھ پر پابندی عائد کی جاچکی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی معاونت کیلئے موجود ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ارکان اسمبلی، انتظامیہ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور علمائے کرام کے بھرپور تعاون سے گجرات ماضی کی طرح آئندہ بھی امن کا گہوار ہ رہے گا۔ اس سے قبل شادیوال اور سرائے عالمگیر کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او نے منتظمین کو ہدایت کی کہ جلوسوں کو مقررہ وقت پر ختم کیا جائے، جلوسوں کے روٹس پر صفائی، لائٹنگ اور ایمرجنسی کیلئے جنریٹرز موجود ہونے چاہیں۔ 
تازہ ترین