سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) صوبے بھر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع سیالکوٹ میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔ اس سلسلہ میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف نے محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس میں موجود اراکین اسمبلی اور انتظامی افسران کو بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کی تمام پروگرام شیڈول کے مطابق منعقد کئے جارہے ہیں اور اب تک کسی جگہ امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔ انہوں بتایا کہ تمام اضلاع میں اے کٹیگری کے جلوسوں کی نگرانی ڈی سی او اور ڈی پی او خود کررہے ہیں جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کنٹرول سے تما م پروگراموں کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جارہاہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ رینج محمد طاہر نے بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پولیس فراہم کررہی ہے ۔ رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم کے دوران ضلع میں امن و امان کی خوشگوار فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں اور جلوسوں کے روٹوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے سمیت ان کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کیا جائے ۔ اس موقع پرڈی سی او سیالکوٹ محمد آصف طفیل،ڈی پی او سیالکوٹ محمد عابد خاں، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سیالکوٹ،ایم پی اے محمد اکرم کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔