قصور (ایجنسیاں)کوٹ رادھا کشن کی پولیس نے توہین مذہب کے الزام میں ایک امام اور اس کے شاگرد کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی آر کے مطابق نوجوان اور امام مسجد نے قران کے حوالے سے اشتعال انگیز حرکت کی تھی ، کوٹ رادھا کشن میں مرلی اتار گاؤں کے محمد امتیاز کی مدعیت میں پولیس کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے کے مطابق محمد امتیاز نے اس نوجوان کو اس کی حرکت پر سمجھانے کی کوشش کی تو اس نوجوان نے اس کی بات نہ مانی ،مقدمے کے مطابق نوجوان نے اپنے موقف کی تائید کیلئے مقامی مسجد کے امام کو بھی بلایا جو اس نوجوان کا استاد بھی تھا،امام مسجد نے نوجوان کے عمل کو درست قرار دیا جبکہ مبینہ طور پر اپنے دعوے کی صداقت کےلیے حدیث بھی پیش کی، بعدازاں معاملہ پولیس اسٹیشن لے جایاگیا اور پولیس نے امام مسجد اور نوجوان کو گرفتار کر لیا،پولیس نے دونوں کے خلاف توہین مذہب کی آئینی شق 295-بی اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت مقدمہ درج کیا۔