بہاولپور(سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر و بیت المال یاسین خان بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدیت کے مطابق ضلعی حکومت بہاول پور میں خصوصی افراد کے 3فیصد ملازمت کوٹہ کے تحت 116خصوصی افراد کو ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ 32خصوصی افراد کو ٹی ایم اے میں بھرتی کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال بہاول پور میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ناصر حمید، ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے بصارت سے محروم افرادڈاکٹر انیس الرحمن، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ پروفیسر ہادی حسن رانا،سینئر سوشل ویلفیئر آفیسر اشتیاق احمد، منیجر صنعت زار شفیق تبسم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر عزیر احمد چغتائی سمیت بصارت سے محروم افراد، سول سوسائٹی کے اراکین اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران وسٹاف کی کثیر تعداد موجود تھی ،تقریب سے پروفیسر ہادی حسن رانا، محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسرز اشتیاق احمد، چوہدری شفیق تبسم، عزیر احمد چغتائی نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب میں بصارت سے محروم طلبہ نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ ہاشر فاؤنڈیشن اور ادارہ تعلیم وآگاہی کی جانب سے 70نابینا افراد میں سفید چھڑیاں بھی تقسیم کی گئیں۔