کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے اعلامیہ کے مطابق اتوار کوماروائے عدالت قتل ہونے والے ایم کیوایم کورنگی ٹاؤن کے کارکن سیدعبدالنوید کی تشددزدہ لاش ٹھٹھہ سے بر آمد ہو ئی، سیدعبدالنوید کو31 جنوری 2015ء کو کورنگی میں ان کے گھرسے اہل خانہ کے سامنے گرفتارکیا گیا اورگرفتاری کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔ ایک سال8 ماہ تک حراست میں رکھنے اور بہیمانہ تشددکانشانہ بنانے کے بعدان کی تشددزدہ لاش ٹھٹھہ سے 60 کلومیٹر دور اونگر میں 30ستمبر 2016ء کوپھینک دی گئی ۔وہاں سے یہ لاش ایدھی سینٹرکے حوالے ہوئی۔ ایدھی سینٹرنے لاش ملنے کے بعدان کی شناخت شروع کردی۔ جب ایدھی سینٹرکے عملے نے فنگرپرنٹ لے کر نادرا سے رابطہ کیا تووہاں سے شناخت ہوئی جس کے بعد ایدھی سینٹرنے لاش کی شناخت کے لئے گزشتہ روزنوید کے اہل خانہ کوبلایاجنہوں نے ایدھی سینٹرسہراب گوٹھ جاکر عبدالنویدکی لاش کی شناخت کرلی ۔ سیدعبدالنویدکی عمر26سال تھی ۔ سیدنویدایک مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں والدہ، ایک چھوٹابھائی اورچھ بہنیں شامل ہیں۔2013سے جاری حالیہ آپریشن کے دوران یہ 67 واں ماورائے عدالت قتل ہے۔