ٹنڈوالہ یار (نامہ نگار) جھنڈومری شہر میں اچانک آگ لگنے کے سبب 32گھروں کو آگ نے اپنی پلیٹ میں لے لیا۔جس کے سبب تمام گھر جل کر خاکستر ہوگئے اور کئی جانور بھی جل کر ہلاک ہوگئےتھے جس کے بعد متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔ یہ خبریں میڈیا پر آنے کے بعد بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونیوالے یوسی چیئرمین ،کونسلرز ،ٹاؤن چیئرمین اور تعلقہ جھنڈومری کی انتظامیہ مدد کیلئے پہنچ گئی جب کہ سابق صوبائی وزیر سید علی نواز شاہ رضوی ، ضلعی چیئرمین مخدوم میوں علی محمدولہاری ،وائس چیئرمین میرغلام محمد عرف میر پپو ٹالپور ،ضلع کونسلر میر منصور ٹالپور ،چئیرمین ٹاون کمیٹی محمد حسن لوند،وائس چئیرمین جاوید لوند ،اسٹنٹ کمشنر محبوب سیال ،مختار کار سعود لوند سمیت دیگر نے آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورآگ سے متاثرین سے ملاقات کی اور حکومت سے ہر ممکن مدد کروانے کی یقین دہانی کروانے کے ساتھ مالی مدد کے لئے درخواست دیں گے تاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ سے اپنی زندگی شروع کر سکیں۔ اس موقع پر مذکورہ افراد نے متاثرین میں گندم ، خیمے اور راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر ضلعی چیئرمین نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کیں کہ فوری طور پر متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی جائے ۔