• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اووربلنگ پر بجلی صارفین کا مصطفیٰ ٹائون دفتر میں ہنگامہ،ملتان روڈ بلاک

لاہور ( سپیشل رپورٹر ) اووربلنگ کے خلاف مشتعل صارفین بجلی نے مصطفیٰ ٹائون سب ڈویژن کے دفتر میں ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ مصطفیٰ ٹائون سب ڈویژن کے دفتر اعظم گارڈن ملتان روڈ میں پیر کو معمول کے مطابق صارفین بجلی اووربلنگ اور بلوں کی درستگی کی شکایات کے لئے پہنچے تو ایس ڈی او موجود نہیں تھا ۔ صارفین گھنٹوں انتظار کرتے رہے جس کے بعد مشتعل ہو کر لیسکو کے خلاف نعرے شروع کر دئیے جس پر لیسکو ملازمین خوفزدہ ہو کر دفتر سے بھاگ گئے ۔ لیسکو دفتر میں ہنگامہ آرائی کے بعد مظاہرین ملتان روڈ پر جمع ہو ئے جہاں انھوں نے ٹائر جلا کر حکومت اور لیسکو کے خلاف نعرے لگائے۔  انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کئی مہینوں سے ناجائز بل مل رہے ہیں ، رواں مہینے 50ہزار روپے سے دولاکھ روپے بل بھیج دئیے گئے ۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جس نے لیسکو دفتر بند کر دیا ۔ ایس ڈی او مصطفی ٹائون محمد ریحان نے موقف میں کہا کہ وہ شٹ ڈائون ڈیوٹی پر موجود تھے،  بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے  ڈی ٹیکشن بل بھیجے گئے جس پر 50سے زائد افراد ان کے دفتر میں جمع ہو ئے، عملہ کی جانب سے دفتر بند کر دیا گیا۔  
تازہ ترین