لاہور ، پنڈی اور اسلام آباد کے بعد اب ملتان میں بھی میٹرو بس سروس کاپہیہ چل پڑا ، ڈرائیوروں کی تربیت کے لئے آزمائشی سروس کا آغاز کردیاگیاہے۔
ملتان میٹرو بس پروجیکٹ کا تعمیراتی کام ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری ہے جس پر 28 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، 18 کلومیٹر لمبے میٹرو ٹریک پر 21 اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جو ملتان کی گرمی کی مناسبت سے بنائے گئےہیں ۔
ملتان میٹرو بس پروجیکٹ کے لئے 260 کنال سے زائد اراضی حاصل کی گئی جس کے 19 سو متاثرین کو 3 ارب روپے سے زائد رقم ادا کر دی گئی ہے جبکہ 2 سو سے زائد افراد مختلف عدالتوں میں اپنی ملکیت کے ثبوت کے حصول کے لئے چکر لگارہےہیں۔
میٹرو بس پروجیکٹ نجی بس سروس کمپنی کو دے دیا گیا ہے جس نے نومبر سے سروس کے باقاعدہ آغاز کی تیاری کرلی ہے اوربیرون ملک سے 35 نئی بسیں منگوا لی ہیں، ڈرائیوروں کی تربیت کے لئے آزمائشی سروس بھی شروع کردی گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کے آغاز سے انہیں سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔