ملتان.......جنوبی پنجاب میں دھند کی سفید چادر تن گئی۔ شدید دھند کے باعث ملتان ائیر پورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر بھی کئی جگہوں پر شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز کے مطابق ساہیوال، چیچہ وطنی، خانیوال، بھکر، ملتان، لودھراں، بہاولپور میں دھند چھائی ہوئی ہے، حد نگاہ صرف 10سے 20میٹر رہ گئی ہے۔ اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ سے سکھیکی انٹر چینج تک موٹر وے پر حد نگاہ 30میٹر رہ گئی ہے۔
ڈرائیوروں کو احتیاط اور غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 130پر کال کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی یہ صورت حال مزید کئی دن جاری رہ سکتی ہے۔