کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں میزبان نے اپنے تجزیے میں کہا کہ منگل کو عمران خان اور چینی سفیر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات اس لئے بہت اہم ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر خیبرپختونخوا حکومت کے اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں، عمران خان نے چینی سفیر کو سی پیک پر پارٹی موقف سے آگاہ کیا، عمران خان کی چینی سفیر سے ملاقات کے بعد سی پیک کے حوالے سے مثبت بات سامنے آئی ہے جس سے لگتا ہے آنے والے دنوں میں سی پیک کے حوالے سے خدشات اور رکاوٹیں دور ہوں گی ۔میزبان کا اپنے تجزیے میں مزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی مووومنٹ لندن نے اپنے فیصلے کرنا شروع کردیئے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ نے رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، الطاف حسین کی ایم کیو ایم کا لندن اور پاکستان میں مشترکہ اجلاس ہوگا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں این اے 258 ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حمایت کی تجویز پر غور ہوگا، یعنی ایم کیوا یم لندن پہلے ہی عوام کو بتادے گی کہ ضمنی انتخاب میں وہ آزاد امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ایم کیوا یم لندن کی قیادت کا دعویٰ ہے کہ انہیں کراچی میں تین سیکٹرز نے حمایت کا یقین دلایا ہے، کراچی میں ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس کی لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، کیا اس کے بعد ایم کیو ایم لندن پراعتماد ہوکر زیادہ تیزی سے فیصلے کررہی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دو نومبر کو الیکشن کمیشن کی سماعت میں نہیں جائیں گے، وہ اس دن اسلام آباد میں پاکستانیوں کی مہمان نوازی میں مشغول ہوں گے ، اسلام آباد دھرنا کتنے دنوں کا ہوگا اس کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، سپریم کورٹ بیس اکتوبر کو ہمارے کیس پر اپناعمل شروع کردے گی، توقع ہے سپریم کورٹ بیس تاریخ کو نوٹس جاری کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا بھی حکم دے گی، عدالت میں کیس چلنے کے ساتھ پی ٹی آئی کی تحریک بھی چلتی رہے گی، وکلاء تحریک کے دنوں میں ان کا کیس بھی عدالت میں تھا اور ساتھ وکلاء تحریک بھی چل رہی تھی، ہم سپریم کورٹ اور عوام کی عدالت دونوں جگہ ایک ساتھ موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے احتساب کا مطالبہ اسلام آباد اور پاکستان کے عوام کا ہے، پی ٹی آئی کے احتجاج میں اسلام آباد کے عوام کی بڑی تعداد موجود ہوگی، عوام کیلئے مشکلات کھڑی کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے، جب بھی تحریک چلائی جاتی ہے تو عوام کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبے پاناما لیکس کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، سندھ اور کے پی اسمبلی پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے قراردادیں منظور کرچکی ہیں، وزیراعظم نے اسمبلی کے فلور پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا مگر ن لیگی وزراء نواز شریف کا احتساب نہیں ہونے دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کا مطالبہ مشترکہ اپوزیشن کے ٹی او آرز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی عدالت میں فیصلہ عوام ہی کریں گے، اگر پاکستان کے عوام نے عمران خان کی تبدیلی مسترد کردی اور ہمارا فیصلہ غلط ثابت ہوا تو ہم دو نومبر کو تنہا کھڑے نظر آئیں گے، ہم تو مطالبہ ہی انصاف کا کررہے ہیں تو انصاف کا راستہ نہیں بند ہونا چاہئے۔ رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم لندن پروفیسر حسن ظفر عارف نے کہا کہ ہم نے جب ابتدائی کام شروع کیا اس وقت سے ہی لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا تھا، فاروق ستار اور ان کے ساتھی لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے تھے اگر کسی نے الطاف حسین سے بات کی تو اس کی گفتگو ریکارڈ ہورہی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں اور جانتے ہیں اس طرح کے معاملات یوں نہیں ہوتے ہیں، اگر ہم اصول پر قائم ہیں اور ہمارا کوئی نظریہ یا رائے ہے تو اسے ظاہر کرنا ہمارا حق ہے، رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس کے بعد کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔