لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پاک چین دوستی کے زیر اہتمام چینی مہمانوں کی کار ریلی ملک کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی جمعہ کو لاڑکانہ پہنچی۔ لاڑکانہ میں اوٹھا چوک پر شہریوں،ضلعی انتظامیہ اور اسکول کے بچوں نے ریلی کے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا بعد میں ریلی کے شرکا نے موہنجودڑو کے آثار قدیمہ کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی کے ترجمان مجیب عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین راہداری کے حوالے سے چینی باشندوں کا یہ سفر پاکستان کو ایک امن پسند اور دہشت گردی کے خلاف ملک کے تصور کو اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ ریلی کے شرکا کا استقبال پرتپاک تھا اور سیکورٹی کے بھی بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ چینی وفد میں خواتین اور بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے جو اس سفر کو خوب انجوائے کر رہے ہیں اور اپنے پاکستانی بھائیوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ریلی کو ایک یادگار واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ریلی سے پاک چین تعلقات مزید بہتر ہونگے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا مزید موقع مل سکے گا۔چینی باشندوں نے موہنجودڑو کے آثار قدیمہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور موہنجودڑو کا عجائب گھر بھی دیکھا، بعد میں ریلی کے شرکا کراچی کے لئے روانہ ہو گئے۔