شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)تحصیل کونسل شیخوپورہ کے عملہ تہہ بازار ی کے بعض ملازمین کی طرف سے ماہانہ بھتہ بڑھانے کی کوشش کرنے اور چھوٹے محنت کشوں کو جرمانے کرنے کے خلاف لاہور روڈ پر درجنوں ریڑھی بان نے پھلوں کی بھری ریڑھیاں الٹائے جانے پر ریڑھیوں کو احتجاجاً آگ لگا کر لاہور شیخوپورہ روڈ کی ٹریفک بلاک کردی اور انتظامیہ کے خلاف سخت نعرہ بازی کی ۔رکن قومی اسمبلی میاں جاویدلطیف نے احتجاج کرنیوالے ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یقین دھانی کروائی کہ 24گھنٹوں کے دوران ان کے تمام نقصانات پورے کئے جائیں گے اور ٹی ایم اے کا عملہ قصور وار ہونے کی صورت میں ان سے معذرت بھی کرے گا ، قبل ازیں مظاہرین نے سیم نالہ سے لیکرنیو سبزی منڈی تک ریڑھی بانوں کے خلاف ہونیوالے آپریشن کے خلاف احتجاجی جلوس بھی نکالا، دریں اثناء ٹی ایم اے کے ذرائع نے بھتہ بڑھانے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے ۔