• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار سے دفاع پاکستان کونسل کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے فوری طور پر فورتھ شیڈول میں شامل مذہبی شخصیات کے بلاک پاسپورٹ اورشناختی کارڈ بحال کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ صوبے بھی ان فہرستوںپر نظرثانی کرینگے‘شیڈول فور میں شامل تمام شخصیات پاکستانی ہیں‘ انہیں شناختی کارڈ اور شہریت سے کس طرح محروم کیا جا سکتا ہے؟۔تفصیلات کے مطابق دینی و سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم دفاع پاکستان کونسل کے وفد نے کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی قیادت میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی‘ وفد میں اویس نورانی، احمد لدھیانوی،فضل الرحمان خلیل، قاری یعقوب ، میاں اسلم ، مولانا یوسف شاہ، اجمل وزیر، حامد الحق حقانی، مولانا یونس قاسمی اور دیگر شامل تھے۔مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ کو ملک میں دینی جماعتوں، مدارس، آئمہ مساجد و علما ءکو درپیش مسائل اور مشکلات سے تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان حالات نے دینی قوتوں کا پیمانہ صبر لبریز کردیا ہے اور ہر محاذ پر دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے‘دینی حلقوں نے ہمیشہ ملکی دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے مسلسل مثبت کردار ادا کیا ہے مگر اب انہیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا جارہا ہے‘دینی شخصیات کی شہریت منسوخ‘ بینک اکاؤنٹ منجمد ‘شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ملک سے باہر جانے پر پابندی کے اعلانات اور اقدامات نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ہے‘ وزیر داخلہ نے وفد کا خیر مقدم کیا اور تمام مسائل کو غور سے سن کر کہا کہ میں اپنے آپ کو دینی قوتوں کا سپاہی سمجھتا ہوں اور تمام نازک حالات میں ہر فورم پر آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا‘وزیر داخلہ نے فوری طور پر فورتھ شیڈول میں  شامل تمام افراد کے بلاک شناختی کارڈ بحال کرنے کے احکامات جاری کئے اورنادراکو متنبہ کیا کہ آئندہ بھی فورتھ شیڈول کے کسی بھی فرد کا شناختی کارڈ بلاک نہ کیا جائے۔ اسی طرح ان کی شہریت پر بھی کوئی پابندی نہ لگائی جائے اور نہ ملک سے باہر جانے پر کوئی پابندی ہوگی‘ انہوں نے کہا کہ میں فوری طور پر چاروں صوبوں کی حکومتوں سے بات کرکے انہیں دینی قوتوں اور کونسل کے لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کا کہوں گا تاکہ آپ کے مسائل جلد از جلد باہمی مشاورت سے حل کرائے جاسکیں‘ کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے افغان مہاجرین کی واپسی اور ان کو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے افغانستان کے مہاجرین کی قربانیوں پانی پھیر رہے ہیں اور خوامخواہ اپنے دیرینہ دوستوں کو دشمن بنارہے ہیں‘ اس کا سارا فائدہ بھارت کو پہنچے گا۔ 
تازہ ترین