سرگودھا(نمائندہ جنگ ) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے چک نمبر 122جنوبی اور چک نمبر 125جنوبی میں سوئی گیس کے منصوبوں کے افتتاح کے بعد اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 2013ءمیں کیے ہوئے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا دیا ہے اور دونوں چکوک میں 120روز میں گیس کنکشن فراہم کر دئیے جائیں گے ۔حکومت جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے ۔قومی معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔حکومت کے تاریخی اقدامات کے ثمرات عوام کو جلد ملیں گے۔سیاسی مخالفین منفی سیاست کرنے کی بجائے مسلم لیگ(ن)کو عوام کی خدمت کا موقع دیں ۔ورثے میں ملنے والے مسائل کو (ن) لیگ کی حکومت ہر صورت حل کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا نصب العین عوام کی خدمت ہے اور عوامی خدمت ہم کرتے رہیں گے ۔شاہین آباد کی اس یونین کونسل کو ماڈل یونین کونسل بنائیں گےاور جون 2017ءسے پہلے سڑکیں، سولنگ کے کام بھی مکمل کیے جائیں گے ۔اس موقع پر چیئر مین رانا تنویر،چیئرمین محمد حسین گجرو دیگر بھی موجود تھے ۔