کوئٹہ(مانیٹر نگ سیل) گوادر میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2کوسٹ گارڈ اہلکار جاں بحق اور دو شہری زخمی ہوگئے۔ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع گوادر کے جیوانی بازار میں کوسٹ گارڈ اہلکاروں کا نشانہ بنایا جبکہ ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے دو شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔