• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ:2خود کش دھماکے،شہدا ءکی تعداد 61ہوگئی

Quetta 2 Suicide Bombing The Number Of Martyrs 61
کوئٹہ کےپولیس ٹریننگ کالج سانحہ میں پاک فوج کے ایک کمانڈو کیپٹن سمیت 61پولیس اہلکار شہید جبکہ 117زخمی ہوئے۔سانحہ کےخلاف حکومت بلوچستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کوئٹہ کےنواحی علاقے نیو سریاب کےعلاقے میں واقع پولیس ٹریننگ کالج میں پیر کو رات گئے خود کش حملوں میں پاک فوج کےایک کمانڈو کیپٹن روح اللہ اور 60پولیس اہلکاروں سمیت 61افراد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 117 دیگر زخمی ہوگئے۔

شہید اہلکاروں میں سے کچھ کی نمازجنازہ پولیس لائن کوئٹہ میں ادا کردی گئی ،نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری، ڈی جی آئی ایس آئی ،صوبائی وزراء، اور دیگر اعلی فوجی،سول اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

پاک فوج کےکمانڈو کاتعلق چارسدہ کےعلاقے سے تھاجو پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن میں شہید ہوئے،ان کی اور سانحہ میں شہید دیگر اہلکاروں کی میتیں ان کےآبائی علاقے بھجوائی جارہی ہیں۔

سانحہ میں شہید اہلکاروں میں سے 18کاتعلق تربت،9 کا تعلق پنجگور ،8 کاتعلق قلعہ عبداللہ اور باقی کا کوئٹہ، لورالائی،ہرنائی، گوادر،ڈیرہ بگٹی، پسنی اور پشین سے تھا۔

اس سے قبل آرمی چیف نے پولیس ٹریننگ کالج کادورہ کیاجبکہ دہشت گردوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سول اسپتال کےدورے کےدوران سانحے کےزخمیوں سے ملاقات کی ۔

ان کا کہناتھا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سےدہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔دہشت گردوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کی تحقیقات تو جلد سامنے آ ہی جائیں گی مگر اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ واقعہ کہیں سیکورٹی کےحوالے سے کوئی بڑی غفلت اور کوتاہی کا نتیجہ تو نہیں تھا۔
تازہ ترین