بہاولپور(سٹی رپورٹر) چیئرمین بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ کمپنی بہاولپور کو صاف ستھرا اور زیرو ویسٹ سٹی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی،انہوں نے یہ بات کمپنی افسران اور سینٹری انسپکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر،کمپنی سیکرٹری محمد اعظم خان کانجو،چیف فنانشل آفیسر عمران اشرف،کمپنی افسران اور سینٹری انسپکٹرز نے شرکت کی،سمیع اللہ چوہدری نے سینٹری انسپکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پرانا روایتی کلچر تبدیل کرنا ہوگااور تمام فیلڈ آفیسران اپنی متعلقہ یونین کونسلز میں ورکرز کی100 فیصد حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کرپشن کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ سینٹری سٹاف کو فیلڈ میں درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور انہیں یونیفارم اور جدید آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔