اسلام آباد (محمد صالح ظافر / خصوصی تجزیہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہےکہ وہ ایک فوجی کے پوتے،فوجی کے بیٹے، فوجی کے بھائی، تین فوجیوںکے بہنوئی، ان کے بڑی تعداد میں عم زاد اور بھتیجے، بھانجے مسلح ا فواج میں شامل ہیں لیکن اسکا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ انہیں جو جی میں آئے کر گزرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔ ایسا کرنے والے فوج کو بدنام کرنے کا موجب بنتے ہیں۔ اتوار کو پنجاب ہائوس میںنیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس کی اسلام آباد پر تحریک انصاف کی یلغار کو روکنے کے سلسلے میں کارکردگی کو شاندار لفظوںمیں سراہا اور کہا کہ یہ اہلکار قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ گزشتہ بدھ کی شام وفاقی دارالحکومت کے نواح میں تحریک انصاف کی ایک خاتون عہدیدار کے پولیس کی خاتون اہلکار پر حملے اور اس کے جواب کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے یاد دلایا کہ تحریک انصاف کی خاتون عہدیدار نے بلند آواز میں کہا تھا کہ میں ایک فوجی کی بیٹی ہوںا ور وہ تمہیں چھوڑیں گے نہیں۔ اس سے قبل ازیں پتھر لیکر پولیس اہلکار کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جس سے روکنے پر وہ پولیس کی ماتحت اہلکار سے گتھم گتھا ہوگئی تھی اور اس کا منہ نوچ لیا تھا۔ چوہدری نثار علی خان نے اتوار کی شام فرنٹیئر کانسیبلری کے ارکان کی تنخواہوں، مراعات اور ریٹا ئر منٹ کی عمر میں اضافے اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کے لئے مراعات بڑھانے کا اعلان کیا جس کی رو سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار کی ریٹائرمنٹ 35؍ کی بجائے اب پینتالیس سال کی عمر ہوگی آئندہ ڈیڑھ سال میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی تنخواہیں اسلام آباد پولیس کے مساوی ہوجائیں گی۔ پہلےمرحلے میں یہ اضافہ پچاس فیصد ہوگا۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 26؍ ہزار ایک سو اہلکاروں کے لئے مشاہرےا ور مر اعات میں اضافے سے قومی خزانے کو پانچ ارب روپے سالانہ اضافی ادا کرنا ہونگے۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے سلامتی کے دیگر اداروں کی طرح داخلی سلامتی کی ڈیوٹی کا الائونس اب فرنٹیئر کانسٹیبلری کو بھی ملے گا۔ دریں اثناء چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کے ٹریڈ میں اضافے کی منظوری بھی دیدی ہے جس کی رو سے کانسٹیبل کا گریڈ پانچ سے بڑھا کر سات، ہیڈ کانسٹیبل کا سات سے بڑھا کر نو اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کا نو سے بڑھا کر گریڈ گیارہ کردیا گیا ہے اس اضافے کا اطلاق فوری طور پر اعلان شدہ تاریخوں میں ہوگا۔