وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کا ہوگا جس پر کارکن عمل کریں گے، اگر پی ٹی آئی نے اسلام آباد بند کیا تو اس عمل کا حصہ نہیں بنوں گا،لگتا ہے ہمیں اسلام آباد پہنچنے میں ایک ہفتہ لگ جائے گا، یہ کیسی حکومت ہے جو آئین اور عدالتوں کو نہیں مانتی اور ہمارا راستہ بند کررہی ہے۔
جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے دارالحکومت اسلام آباد جارہے ہیں، حکومت چاہے ہمیں گولی مار دے ہم اسلام آباد پہنچ کر رہیں گے، میں تو انہیں کہتا ہوں مجھے گولی مارو، میری لاش بنی گالہ میں پہنچے گی تب انہیں خوشی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور خالی ہاتھ اسلام آباد جارہے ہیں، اپنے لیڈر سے ملنے اسلام آباد جارہا ہوں، عمران خان کے پاس جائیں گے تو وہ بتائیں گے کیا کرنا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اس معاملہ کو لسانی رنگ ہم نہیں مسلم لیگ ن دے رہی ہے، اپنے صوبے کو پاکستان سے کٹا ہوا نہیں دیکھ سکتا ہوں، چاروں صوبوں سے مل کر پاکستان بنا ہے، انہوں نے ہمیں الگ کرنے کی کوشش کی، ہم نے ثابت کردیا کوئی ہمیں پاکستان سے الگ نہیں کرسکتا ہے،خیبرپختونخوا میں کسی کو احتجاج کرنا ہے تو کرلے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔