بارسلونا(شفقت علی رضا) ’’ آئی پی یو ‘‘ انٹر پارلیمینٹری یونین کے اجلاس میں شرکت کے لئے قومی اسمبلی پاکستان کے اسپیکر ایاز صادق اپنے وفد کے ساتھ جنیوا پہنچے جہاں دنُیا کے تمام ممالک کی پارلیمنٹ کے ممبران آئے تھے ۔اجلاس کا موضوع امن ، انٹرنیشنل تعلقات اور پرائیویٹ سیکیورٹی سسٹم تھا ۔وفد میں منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے ایم این اے ممتاز تارڑ بھی شامل تھے جو اجلاس ختم ہونے کے بعد بارسلونا پہنچے جہاں اُن کا استقبال مسلم لیگ ن ا سپین کے صدر راجو الیگزینڈر اور سینئر نائب صدر افضال احمد وڑائچ اور نائب صدر عبدالروف نے کیا ۔روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے ممتاز تارڑ نے کہا کہ جنیوا اجلاس میں پرائیویٹ سیکیورٹی سسٹم پر تشویش کا اظہار کیا گیا کیونکہ اُس پر بہت زیادہ بجٹ بھی ہے اور اس کے ملازمین بھی ہزاروں بلکہ لاکھوں میں ہیں اس سسٹم کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ یہ سسٹم طاقتور بن کر اسٹیٹ کے لئے خطرہ بن سکتا ہے ۔دُنیا میں امن قائم رکھنے کے لئے ہتھیاروں میں کمی ضروری ہے ۔ممتاز تارڑ کا کہنا تھا پاکستان میں جلسہ جلوس پر پابندی نہیں لیکن عمران خان طاقت اور تشدد کے ساتھ اسلام آباد بند کرنا چاہتے ہیں جو بالکل غیر آئینی طریقہ ہے ۔