• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنوں کے باوجود عوام کا معیار زندگی بلند کر رہے ہیں‘ شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کے درمیان پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کا معیار زندگی بلند کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے۔ صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ضلع راولپنڈی کی پہاڑی تحصیلوں میں عوام کو صحت و تعلیم، سڑکوں، پینے کے صاف پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات بہم پہنچانے پر خاطر خواہ فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بات تحصیل کوٹلی ستیاں میں تھون تا پلائی 2کلومیٹر سڑک کی پختگی کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکرٹری شاہد ریاض ستی، عاصم ریاض ستی اور مقامی لیگی عہدیدار بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ساڑھے تین کلومیٹر باقی سڑک بھی بنے گی جس کیلئے فنڈز منظور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے تھون کامرہ کی چار ڈھوکوں سمیت علاقے کو مرکزی شاہراہ سے ملانے کیلئے سڑکوں کی تعمیر اور بجلی کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ یہ علاقہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے‘ امید کرتے ہیں وفاقی و صوبائی حکومت علاقہ کی تعمیرو ترقی پر خصوصی توجہ دیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں کے عوام کا بھی قومی وسائل پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ ملک کے باقی حصوں کے عوام کا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں میں روزگار نہ ہونے کے باعث مقامی لوگوں میں بیروزگاری اور غربت زیادہ ہے اور سڑکوں سمیت پینے کے صاف پانی، صحت و تعلیم اور دیگر سہولیات کی کمی ہے۔ عاصم ریاض ستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحصیل کوٹلی ستیاں ایک قدرتی ہل سٹیشن ہے اور قدرت نے اس علاقے کو حسن اور ایسے مناظر سے نوازا ہے کہ یہ تحصیل مری کے متبادل سیاحتی مرکز بن سکتا ہے۔ اس کیلئے قدرتی طور پر انفراسٹرکچر موجود ہے اور اگر حکومت تھوڑی توجہ دے اور شہری علاقوں میں بننے والے کسی بھی ایک میگا ترقیاتی پراجیکٹ کے برابر فنڈز دئیے جائیں تو یہ علاقہ سیاحوں کیلئے بڑی کشش کا حامل بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے حکومت کو چاہئیے کہ وہ سڑکوں کی تعمیرو توسیع پر توجہ دے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح مقامی لوگوں کے روزگار کے مسائل بھی حل ہونگے اور مری کے متبادل ایک بہترین سیاحتی مرکز بننے سے مری کا رش بھی کم ہوگا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے مقامی لیگی عہدیداروں اور عوام کے ہمراہ نئی بننے والی سڑک کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ 
تازہ ترین