• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2017تک افراط زر کی شرح چار گنا ہونے کی پیش گوئی

لندن (جنگ نیوز) 2017ء تک برطانیہ میں افراط زر کی شرح چار گنا ہوکر تقریباً 4فیصد تک پہنچ جائے گی۔ جس سے معیار زندگی متاثر ہوگا۔ یہ پیش گوئی معروف تھنک ٹینک نے کی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اکنامک اینڈ سوشل ریسرچ کے مطابق 2017ء کے دوران سٹرلنگ کا زوال کسٹمرز پر اثرانداز ہوگا اور قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ آف میکرو اکنامکس ماڈلنگ اینڈ فور کاسٹنگ سائمن کربی نے کہا ہے کہ سٹرلنگ کا زوال ای یو ریفرنڈم کے بعد سب سے زیادہ متاثر کرنے والا عمل ہے جو آنے والے وقتوں میں اشیاء کی قیمتوں پر اثر ڈالے گا۔ اگرچہ اس کے عبوری ہونے کی توقع ہے تاہم اس کے باوجود اس سے خریداری کی قوت پر بار پڑے گا جو اگلے دو سال تک برقرار رہے گا۔ بنک آف انگلینڈ آج افراط زر کے بارے میں پیشگوئی جاری کرے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر آف میکرو اکنامکس ڈاکٹر انگس آرمسٹرونگ نے بی بی سی کے ٹوڈے پروگرام میں بتایا کہ 2008ء کے بعد سے بچت کا تناسب کم ترین سطح پر ہے اور اس طرح اگلے سال کی گروتھ زیادہ کمزور ہوگی۔ ستمبر میں کنزیومر پرائس انڈکس انفیلشن ایک فیصد تک پہنچ گئی تھی جو اگست میں صرف صفر اعشاریہ 6فیصد تھی۔ یہ دو سال کے لئے سب سے زیادہ شرح ہے جس کے ساتھ لباس، پیٹرول اور ہوٹل رومز کے نرخوں میں اضافہ ہوا۔
تازہ ترین