مردان (نمائندہ جنگ )مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک عرصے سے ظاہر شاہ گروپ اور احسان باچا گروپ کے درمیان اختلافات چلے آرہے تھے ۔ڈی پی او مردان فیصل شہزاد نے تنازعہ کے حل کیلئے فریقین کی مشاورت سے سینئر صحافی مسرت عاصی کی سربراہی میں جرگہ تشکیل دیاتھا جبکہ چار ممبران ڈسٹرکٹ بار کے صدر امیر حسین ، جنرل سیکرٹری آصف اقبال ، صدر پریس کلب مردان حاجی محمد شفیع ، جنرل سیکرٹری پریس کلب محمد بشیر عادل شامل تھے‘ جرگہ کی معاونت ایس پی آپریشن مردان شفیع اللہ خان گنڈاپور اور اسسٹنٹ کمشنر مردان خان محمد کر رہے تھے۔ جرگہ نے مشاورت سے تنازعہ کے حل کا فارمولا طے کیا جس کا اعلان جمعہ کے دن ڈی آئی جی مردان ریجن آفس میں ڈی آئی جی مردان اعجاز احمد کی زیر صدارت منعقد جرگہ کے اجلاس میں کیا گیا ‘فارمولے کے مطابق صدارت کا عہدہ ظاہر شاہ گروپ جبکہ سینئر نائب صدر اورنائب صدر کے عہدے احسان باچا گروپ کو دیئے جائیں گے اس طرح سولہ خالی ایگزیکٹو باڈی نشستوں پر حاجی محمد اسلام کی نشست بحال رکھی گئی جبکہ 8انڈسٹری سیٹیں دونوں گروپوں میں برابر تقسیم ہونگی‘ اس طرح ٹریڈ کی سات میں چار نشستیں ظاہر شاہ گروپ اور تین نشستیں احسان باچا گروپ کو ملیں گی۔