اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) متنازع خبر پر انکوائری کمیٹی کے نام وزیراعظم کو پیش کر دیئے گئے،خبر لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی پیر تک تشکیل دی جائیگی ۔ہفتے کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نےسینئر صحافیوں کے گروپ سے گفتگو میں بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے متوقع انکوائری کمیٹی کے نام وزیراعظم کو پیش کردئیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات حساس اور جھوٹی خبر افشا ہونے کے بارے میں کی جائیگی، انکوائری کمیٹی انتظامی سطح کی ہوگی، پارلیمانی کمیٹی کی ضرورت نہیں۔ چوہدری نثار علی خان کا کہناتھاکہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ جوبھی جھوٹی خبرکامحرک ہے اس کی نشاندہی ہونی چاہیے،یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے،بچوں کا کھیل نہیں،کمیٹی کوآزاد اورشفاف ماحول میں کام کرنے دیا جائے۔