صوابی میں دہشت گردوں اورپولیس کےدرمیان مقابلہ ہوا ہے۔ مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا فرار ہوگیا ہے، جبکہ ایک نے خود کو دھماکے اڑا لیا ہے۔ مقابلے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا ہے۔
ڈی پی او صوابی جاوید اقبال کے مطابق گاوں مینئی میں 3دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ علاقے کی ناکہ بندی کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا فرار ہوگیا ہے۔
تیسرے دہشت گرد نے ایک دکان میں پناہ لی اور بچے سمیت 4افراد کو یرغمال بنالیا۔ پولیس کے اسپیشل یونٹ نے پہنچ کر کامیاب آپریشن کے بعد تمام یرغمالیوں کو رہا کرالیا، تاہم دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے دکان میں آگ لگ گئی تھی۔
دہشت گردوں سے کلاشنکوف، 2دستی بم اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شاہ فہد شہید اور منیر زخمی ہوگیا ہے۔