کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں جس سے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابوظہبی میں 7نومبر 2016تا 10 نومبر 2016تک جاری رہنے والی چار روزہ سالانہ بین الاقوامی پیٹرولیم نمائش وکانفرنس سے وزارتی پینل سیشن بہ عنوان "ایمرجنگ مارکیٹس کو بااختیار بنانا" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے انرجی کانفرنس کا انعقاد کرنے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان انرجی سیکٹر میں ترقی کے مراحل طے کررہا ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ انرجی کانفرنس عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ خلیفہ زید النیہان کے زیر صدارت ہورہی ہے جو کہ ایک خوش آئند اور سرمایہ کاروں کیلئے کشش کا سبب ہے۔پاکستان کے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل جام کمال خان اور مشیر وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل زاہد مظفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دیگر مقررین میں مصر کے وزیر برائے پیٹرولیم اور معدنی وسائل طارق المولااور اومان کے وزیر برائے آئل و گیس ڈاکٹر محمد بن حماد الرمحی تھے۔