• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی آئی پی کلچر کیخلاف ہیں، کسی کو بد معاشی کرنے کی اجازت نہیں دینگے، پرویز خٹک

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے اے این پی پشاور کے رہنما ہارون بلور کے سکیورٹی گارڈز کے ہاتھوں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان کارکن اورنگزیب پر سنگین تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کو کھلی بدمعاشی قرار دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پی کے تھری شیخ امیر آباد یکہ توت پشاور کے نوجوان کارکن جس پر اے این پی رہنما کے گن مینوں نے تشدد کرکے شدید زخمی کیا تھا نے منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور اپنے آپ پر ہونے والے ظلم کے واقعے سے وزیراعلیٰ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء شاہ فرمان، محمد عاطف، اراکین صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد اور شوکت یوسفزئی اور ضلع ناظم پشاور محمد عاصم اور پارٹی کے ورکرز بھی آئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس بہیمانہ فعل پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور انہیں انصاف دلانے کی بھر پوریقین دہانی کروائی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم اپنے ورکرز کو ظالموں اور بدمعاشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری کلچر پر یقین رکھتے ہیں اور کسی کو بھی غیر قانونی کام کرنے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن کے خاتمے کے ساتھ کلاشنکوف کلچر کا بھی خاتمہ چاہتے ہیں اور کسی کو بد معاشی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم VIP کلچر کے خلاف ہیں اور اس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم پی ایز اور وزراء کے ساتھ کوئی سیکورٹی نہیں ہوتی اور بغیر پروٹوکول گھومتے پھرتے ہیں کیونکہ ہم وی آئی پی کلچر کو معاشرے میں تمام برائیوں، غنڈہ گردیوںکی جڑ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تشدد کانشانہ بننے والے کارکن سے بھر پور انصاف کیا جائے گا اور ان کو غنڈوں اور بد معاشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔  
تازہ ترین