اسلام آباد/کراچی(وقائع نگار… ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی اور صوبائی مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے چوہدری نثار آئینہ دیکھیں۔ پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں سعید غنی نے کہا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ ملک ایک نااہل وزیرداخلہ کے رحم و کرم پر ہے۔ چوہدری نثار نیشنل ایکشن پلان پر عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ جو شخص حکیم اللہ محسود جیسے دہشتگرد کے انجام پر ہچکیاں لے کر روئے وہ طالبان کے خلاف کیسے کارروائی کر سکتا ہے۔ سابق آمر پرویز مشرف کو ملک سے فرار کرانا چوہدری نثار کا بہت بڑا جرم ہے۔ علاوہ ازیں کراچی سے نیوز ایجنسیز کے مطابق صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چوہدری نثار بلا وجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بات کر کے خود کو سیاسی طور پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں،بلاول بھٹو کے پنجاب کے دورے کے اعلان سے چوہدری نثار کے پسینے چھوٹ رہے ہیں،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چوہدری نثار نہیں چاہتے کہ نوازشریف پر سیاسی دبائو کم ہو،انہوں نے ہمیشہ نواز شریف کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔