پشاور(سٹی رپورٹر) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن مردان اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان کے درمیان خدمات اور اثاثوں کی مینجمنٹ کا معاہدہ طے پا گیا، وزیر اعلیٰ پرویزخان خٹک، سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمد فائق شاہ، تحصیل ناظم محمد ایوب خان، کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی،بورڈآف ڈائریکٹرز کے اراکین اور دیگر حکام کی موجودگی میں ٹی ایم او مردان شہریار خان اور ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر غفور خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی کی خدمات اور متعلقہ اثاثہ جات ٹی ایم اے سے لیکر ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، ڈبلیو ایس ایس سی تینوں شعبوں میں جلد خدمات کی فراہمی شروع کر دے گی۔ یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مذکورہ تینوں شعبوں کی خدمات میں بہتری لانے اور بروقت فراہمی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے زیر انتظام خود مختار ادارے قائم کئے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو وقت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے معاہدے کو تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد میں ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی مردان کو مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔