• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت امن کیلئے بڑا خطرہ ،چوہدری نثار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور برطانوی وزیرِخارجہ بورس جانسن نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے ، ان کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور خطے میں امن کے قیام کے لئے شانہ بشانہ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس عزم کااظہار دونوں رہنمائوں کے درمیان بدھ کو لندن میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کی جانب سے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ سے بات چیت کے دوران وزیرِداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ لندن سے اپنے تعلقات کو اہمیت دی  ۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے مختلف امور میںدونوں ملکوں کے مقاصد یکساں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِداخلہ نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسے خطے کے امن کیلئے بہت بڑا خطرہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ان ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی اشتعال کے بھارت کی جانب سے پاکستانی سپاہیوں کو شہید کیے جانے کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے واضح طور پر پاک بھارت تعلقات کے بگاڑ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیا۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ پاکستان بغیر کسی شرط کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کے حقوق اور انکی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ افغانستان میں دیرپا امن کے قیام اور استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کے باوجود بھی دوسری طرف کا ردعمل غیر حقیقی شکوک و شبہات اور بے بنیاد الزام تراشی کی روش سے عبارت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو پر امن افغانستان کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنا چاہیے ۔ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور افغانستان کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ ادھر چوہدری نثار  اور سابق برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کی لندن میں ملاقات ہوئی جس میں پاک برطانیہ تعلقات ، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون کے یادگار جملے، کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا دوست برطانیہ کا دوست اورپاکستان کا دشمن برطانیہ کا دشمن ہے ،کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستانی عوام  کے دلوں میں ڈیوڈ کیمرون کیلئے بہت عزت و احترام پایا جاتا ہے ۔ ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق وزیرِداخلہ نے برطانوی سابق وزیرِاعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، اسکی جمہوریت ، اسکے اداروں اور خصوصاً پاکستانی عوام کیلئے، ایک مخلص اور سچے دوست کی طرح، آپ کی سپورٹ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سابق برطانوی وزیرِاعظم نے خطے اور خصوصاً افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے کام کرتے رہینگے۔ انہوں نے حکومت ِ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
تازہ ترین