• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف اقتصادی راہداری پر سیاست کرکے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، فضل الرحمان

 پشاور(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر سیاست کرکے صوبہ کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہی ہے حالانکہ خیبر پختونخوا میں سی پیک منصوبہ پر ہزارہ ڈویژن سے جنوبی اضلاع تک تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہےصوبائی حکومت مقامی سیاست کےلئےملک کی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی کا انقلابی منصوبہ ہے، اس لئے کسی کو بھی پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے اور سی پیک کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کی صوبائی مجلس عاملہ، شوریٰ اور ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری، وفاقی وزیر اکرم خان درانی،صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان اور دوسرے قائدین بھی موجود تھے ، اجلاس میں ملک و صوبہ کی سیاسی صورت حال، جمعیت کے صد سالہ یوم تاسیس کے اجتماع کی تیاریوںکا تفصیلی جائزہ لیا گیا، مولانا فضل الرحاان نے کہاکہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی، جمعیت علمائے اسلام ملک اور اسلام کے دفاع کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر قیمت پر مغربی تہذیب کا راستہ روکے گی ، انہوں نے کہاکہ بعض دشمن قوتیں بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کررہی ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری ملک کی تعمیر و ترقی اور معاشی و اقتصادی انقلاب کا منصوبہ ہے جس سے کوئی ایک صوبہ نہیں بلکہ پورا ملک مستفید ہوگا اور کسی صوبہ کی حق تلفی ہوگی نہ ہی ملک کے روشن مستقبل کے اس منصوبہ کو اختلافات اور سیاست کی بھینٹ چڑھنے دیا جائیگا، مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ فاٹا کے عوام ستر سالوں سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، ملک و قوم کیلئے عظیم قربانیاں دینے کے باوجود قبائلی عوام پر اب بھی انگریز کا کالا قانون مسلط ہے جس کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ فاٹا کے مستقبل کا کوئی بھی فیصلہ قبائلی عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ فاٹا کے صوبہ میں انضمام یا الگ صوبہ کے قیام سمیت کسی بھی فیصلہ کا اختیار فاٹا کے عوام کو دیا جائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام کی صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں  تاریخ سازی عالمی اجتماع  میں دنیا بھر سے  علمائے کرام اور سیاسی اکابرین شرکت کریں گے ، انہوں نے کہاکہ  جمعیت علماء اسلام اگلے سال 7,8,9اپریل کو لاکھوں عوام کی موجودگی میں ظلم جبر اور استعماری قوتوں کے خلاف عملی جدوجہد کا اعلان کریگی، ، وفاقی وزیر ہاوسنگ محمد اکرم خان درانی نے کہا کہ عالمی اجتماع کے انعقاد کیلئے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے ارکان جمعیت نے عقیدت اور اخلاص کے ساتھ محنت کی ہے، اور کارکنوں کی محنت اور اخلاص کی وجہ سے عالمی اجتماع کی کامیابی سے ہمکنار ہو گا، انھوں نے کہا کہ ہر علاقہ کا رکن ، جانی مالی قربانی دیکر اس اجتماع کی کامیابی کیلئے فکر مند ہے، انھوں نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر سی پیک منصوبے کو اختلافات کا شکار بنا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں مصروف ہیںتاہم ان کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ۔
تازہ ترین