• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکش ہائوسنگ اسکیم ٹھٹھہ، 2 ہزار 120 گھر سیلاب متاثرین کو دیئے جائیں گے، وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ میں تعمیر کئے گئے ترکش ہاؤسنگ اسکیم کے گھر ٹھٹھہ اور سجاول کے سیلاب سے متاثرہ افراد کو الاٹ کئے جائینگے۔ انہوں نے یہ بات ترکی کی حکومت کے تعاون سے تعمیر کئے گئے ترکش ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ یہ ہاؤسنگ اسکیم 2120گھروں پر مشتمل ہے اور ہر ایک یونٹ 2 کمروں ، ایک کچن ، باتھ روم صحن اور برآمدے پر مشتمل ہے ہاوسنگ اسکیم میں 2اسکول ہیں جن میں طلباء اور طالبات کی پرائمر ی اور سیکنڈری تعلیم کے لئے 32کلاس رومز ہیں وہاں پر ایک کمرشل سینٹر 12دکانیں ، 3مساجد ، 2کمیونٹی سینٹر، ایک صحت مرکز ، اور اسپورٹس کمپلیکس بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر حیدر آباد قاضی شاہد پرویز ، ڈی جی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ سلمان شاہ ، اور دیگر کو ہدایت کی کہ وہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے یہ اسکول اچھی ساکھ کے حامل اداروں کو دیں تاکہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر سکیں۔ ہیلتھ سینٹر کی حوالگی سے متعلق باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ اسے پی پی ایچ آئی کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ معیاری صحت کی خدمات فراہم کر سکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ہاؤسنگ اسکیم کی پانی کی فراہمی و نکاسی آب کا کام مکمل ہو چکا ہے جہاں تک بجلی کا تعلق ہے بجلی کی فراہمی کا کام بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور صرف میٹرز لگانا باقی ہیں۔گھروں کی الاٹمنٹ کے طریقے کار اور معیار کی منظوری دیتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ الاٹیز کا شناختی کارڈ ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کا لازمی ہونا چاہیے جس میں موجودہ اور مستقل پتہ بھی ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کا ہو ۔ مرد یا خواتین سی ڈی سی پی ۔II (وطن کارڈ فیز II) گھروں کو نقصان پہنچنے کی کیٹیگری کے تحت بینیفیشری ہو اور وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نیشنل پاورٹی اسکورکارڈ)(16/17سے کم)ہو کے زمرے میں آتا ہو اور اس نے کسی بھی سرکاری ایجنسی یا ادارے یا این جی او یا آئی این جی او سے گھر کے حوالے سے کوئی مدد حاصل نہ کی ہو۔دکانوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ انکی عام نیلامی ہوگی۔36069سیلاب متاثرین )گھروں کو نقصان پہنچنے والے) ہیں جن میں سے 13622ٹھٹھہ میں اور 22447سجاول کے ہیں لہذا وزیراعلیٰ سندھ نے ٹھٹھہ اور سجاول کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ایسے متاثرین جنہیں پہلے ہی حکومت، این جی اوز، آئی این جی اوز کے مختلف امدادی /بحالی کے پروگرام کے تحت گھروں کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے کی فہرست فراہم کریں۔ کمشنر حیدر آباد نے کہا کہ 35,284 متاثرین قرعہ اندازی کے لئے اہل ہیں ۔ اہل امیدروارں کی فہرستیں ڈی سیز ، اے سیز، مختیار کار کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے دفتر میں آویزاں کی گئی ہیں۔ اسکے ساتھ ساتھ ایک پبلک نوٹس مئی میں قومی اور مقامی اخبارات میں شائیع ہوا تھا جس میں متاثرین سے اعتراضات طلب کئے گئے تھے کہ اگر انہیں اہلیت کے معیار کے حوالے سے کسی بھی قسم کے اعتراضات ہیں تو وہ اپنے اعتراضات داخل کریں۔ سندھ بینک نے ایک سافٹ وئیر ڈیولپ کیا ہے اور ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل پاکستا ن کے عادل گیلانی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے اور ان کی تجاویز کی روشنی میں سافٹ وئیر میں چند تبد یلیاں کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ قراعہ اندازی کے افتتاح کے لئے ضروری انتظامات کریں۔
تازہ ترین