سرگودھا(نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے سرگودھا کے تمام سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے سربراہوں سے سکیورٹی گارڈز اور حفاظتی انتظامات بارے کئے جانیوالے انتظامات کی تفصیلات طلب کرلیں اس سلسلہ میں محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ سربراہان سکولوں کی حفاظت اور کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی سے بچنے کیلئے اپنے اپنے سکولوں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ضلعی افسروں کو جاری مراسلہ میں کہاگیا ہے کہ خصوصی طور پر دیواروں سے محروم سکولوں کی چار دیواری کو فوری طور پر مکمل کروانے کیساتھ ساتھ خار دار تاریں لگائی جائیں اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو بغیر تلاشی سکول میں داخل ہونے نہ دیا جائے۔ مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام آنیوالے افراد کے شناختی کارڈ کو چیک کرکے اس کا نام وغیرہ رجسٹر میں درج کرنے کیساتھ ساتھ سکول میں آنے کی وجہ بھی درج کی جائے۔