لاہور(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں)راولپنڈی سے کراچی آنے والی تیزگام ایکسپریس کی چاربوگیوں میں ڈاکوؤں نے مسافروں سے قیمتی سامان لوٹ لیا۔ڈی ایس پی ‘تھانیدارسمیت6اہلکاروں کو معطل کردیا گیا بتایا جاتا ہے کہ سٹاپ نہ ہونے کے باوجود بھریاروڈاسٹیشن پر تیزگام ر کی تو4بوگیوں میں ڈاکو چڑھ گئے اور لوٹ مار شروع کر دی۔ ڈاکومسافروں سے لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل، زیورات ، گھڑیاں اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے بوگیوں کی کھڑکیاں کھول کرسامان لوٹا۔تفصیل کے مطابق جمعرات کے روز صبح تیزگام جب بھریا روڈ ریلوے اسٹیشن پرلائن کلیئر لینے کے لئے چند منٹ کھڑی ہوئی تو پلیٹ فارم پر موجود تین سے چار افراد باہر سے گاڑی کی کھڑکی کے راستے ایک خاتون کا پرس اور موبائل فون چھین کر فرارہوگئے۔ واقعہ کا وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سکھر ،ایس ایچ او نواب شاہ اور ٹرین میں گشت پر آن ڈیوٹی تین کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبل کو فوری طور پرمعطل کردیا ہے۔اس واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔مجرموں کی تلاش کیلئے پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ملزموں کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزادی جائے گی۔