وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کو صوبے کی پرواہ نہیں ، وفاق 3سال سے بجلی گھربنانے کےلیے زمین مانگ رہا ہے لیکن وزیراعلیٰ ہمیں زمین نہیں دے رہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کے5منصوبوں کی راہ میں پرویز خٹک رکاوٹ ہیں۔
عابد شیر علی نے کہا کہ کے پی کے حکومت فیل ہوچکی ہے، خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ڈانسر وزیراعلیٰ ہیں،انہیں ڈانس کمپی ٹیشن میں بھیجا جاسکتا ہے۔
وزیر مملکت پانی وبجلی کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری کو وطن آنے سے کسی نے نہیں روکا، آصف زرداری وہاں خوش باش ہیں، پاکستان آئیں انہیں کس نے روکا ہے۔
عابد شیر علی کا کہناتھا کہ شیخ رشید محکمہ اوقاف کی زمین پر رہتے ہیں، اس بار وہ پنڈی سے کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم نے خود کو بچوں کو احتساب کیلئے پیش کردیا ہے، اب عمران خان، جہانگیر ترین اور شیخ رشید کی تلاشی ہوگی۔